نئی دہلی : اجمیر درگاہ کے زائرین کو مزید سہولت فراہم کرانے کے لئے حکومت
جہاں درگاہ کی جدید کاری کا منصوبہ بنا رہی ہے، وہیں اس نے زائرین کی قیام
گاہوں کے نزدیک مرد و خواتین کے لئے ایک ہزار غسل خانے اور بیت الخلا بنانے
کا منصوبہ بنایا ہے۔ مرکزی وزیر مملکت برائے اقلیتی امور (آزادانہ چارج)
مختار عباس نقوی نے آج یہاں اجمیر درگاہ کمیٹی کے ایک وفد کے ساتھ ملاقات
کے دوران ان خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وزارت اقلیتی امور نے اجمیر
درگاہ کے قریب ایک بڑا سدبھاؤ نا منڈپ بنانے کا فیصلہ کیا ہے، جس میں
تقریباً پندرہ ہزار افراد کے ٹھہرنے کی گنجائش ہوگی۔ انہوں نے بتایا کہ اس سدبھاؤنا منڈپ کا اجمیر درگاہ کے زائرین کے علاوہ
پشکر میلے میں شرکت
کے لئے جانے والے لوگ بھی استعمال کرسکیں گے۔ مسٹر نقوی
نے بتایا کہ آئندہ ماہ نومبر کے پہلے ہفتے میں اپنے اجمیر دورے کے دوران
اسپتال ، اسکول ، ٹوائلٹ، باتھ روم سمیت کئی ترقیاتی پروجیکٹوں کا افتتاح
کریں گے تاکہ مرکزی حکومت کے فلاحی اسکیموں سے اقلیتی طبقے کے لوگ استفادہ
کرسکیں۔
مسٹر نقوی نے کہا کہ اجمیر کے اپنے دورے کے دوران درگاہ کمیٹی کے اراکین و
ذمہ داران سے صلاح مشورہ کرکے درگاہ کی ترقی اور زائرین کی سہولیات کو
یقینی بنانے کے لئے وہ ٹھوس اقدامات کریں گے۔ اجمیردرگاہ کمیٹی کے چیئرمین
شیخ علیم کی قیادت میں مسٹر نقوی سے ملاقات کرنے والے وفد نے مرکزی وزیر سے
درگاہ کے ڈیولپمنٹ اور زائرین کی سہولیات سے متعلق مسائل پر تبادلہ خیال
کیا۔